نیو دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست بنگال میں شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 30 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے علاقے دارجلنگ میں گزشتہ رات سے اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، بارش کے باعث میرک اور کلیم پونگ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں لینڈ سلائیدنگ کے باعث اب تک کم از کم 30 افراد ہلاک جب کہ سینکروں زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ علاقوں کو ملانے والی اہم شاہراہیں آمد ورفت کے لئے بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ضروری سامان کی ترسیل بحال کرنے کے لئے بھاری مشینری طلب کرلی گئی ہے اس کے علاوہ فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔