شملہ (جیوڈیسک) بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں مسافربس کھائی میں گرنے سے 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ شملہ سے 180 کلو میٹر دور نتھپا کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسافربس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 15 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر 3 افراد اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے، حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی جانب سے آگے والی بس کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کے دوران پیش آیا جب کہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں تیز رفتاری اور اوورٹیکنگ کی وجہ سے اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں گزشتہ ماہ بھی سکھ زائرین کی ایک بس کھائی میں گرنے سے 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ بھارت میں ہرسال سڑکوں پر ہونے والے حادثوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں جس کی وجہ غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور سڑکوں کی خراب حالت کو قرار دیا جاتا ہے۔