نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ میں باغیوں کی فائرنگ سے 8 فوجی ہلاک ہو گئے جن کا تعلق آسام رائفلز سے بتایا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ میں میانمار کی سرحد کے قریب باغیوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران 8 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
آسام رائفلز کے ایک افسر کے مطابق حملے میں نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ گروپ کے ملوث ہونے کا امکان ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکار 2 گاڑیوں پر سوار ہو کر اپنے کیمپ سے قریبی علاقے سے پانی لینے نکلے تھے کہ ایک گاڑی زیرزمین نصب بارودی مواد سے ٹکرا گئی جس کے بعد باغیوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
دوسری جانب ناگا لینڈ پولیس کے سربراہ ایل ایل ڈاؤنگل کا کہنا ہے کہ دھما کے کے بعد اہلکاروں کی باغیوں سے جھڑپ ہوئی جس میں 8 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم اب بھی بعض اہلکار لاپتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کی فائرنگ سے باغیوں کے زخمی یا مرنے کی اطلاع نہیں تاہم سیکیورٹی فورسز نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 2001 میں ہندوستانی حکومت نے نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ گروپ سے امن معاہدہ کیا تھا جسے ناگا باغیوں نے بے معنی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا جب کہ مارچ سے اب تک باغیوں سے چھڑپوں کے دوران 18 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔