بھارت نے ستلج کے بعد دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑ دیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) بھارت نے ستلج کے بعد دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑ دیا۔ چار سے پانچ لاکھ کیوسک کا ریلا آج رات گزرے گا۔ سنگین صورتحال کے باجود شہریوں کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے جا سکے۔ انیس سو ترانوے کے بعد دریائے چناب سے گزرنے والا یہ سب سے بڑا ریلا ہو گا۔

صورتحال کی سنگینی کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ سیالکوٹ، وزیرآباد، منڈی بہاالدین، سرگودھا، جھنگ اور چنیوٹ میں دریا کی قریبی آبادیوں کو محض وارننگ جاری کرنے پر ہی اکتفا کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف کے مطابق مرالہ کے مقام پر پانی کا اخراج تین لاکھ ،چونسٹھ ہزار کیوسک ہے، دریائے چناب، بھارت سے سیالکوٹ کے مقام پر پاکستان میں داخل ہوتا ہے اور پنجاب کے مختلف شہروں جلال پور بھٹیاں، گجرات، چنیوٹ، جھنگ اور ملتان سے گزرتا ہوا مٹھن کوٹ کے مقام پر دریائے سندھ میں شامل ہو جاتا ہے۔