راجھستان (جیوڈیسک) بھارت میں سوائن فلو سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے راجھستان میں ہلاکتوں کی تعداد 105 افراد تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت کے ذرائع ابلاغ کی متعلقہ حکام کے حوالے سے شائع کردہ خبروں کے مطابق سوائن فلو کے نام سے پہچانے جانے والے H1N1وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ راجھستان میں ہوئی ہیں۔
صوبے میں رواں سال میں سوائن فلو کے 2 ہزار 854 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق صوبے میں رواں ہفتے کے آخر میں مزید5 افراد سوائن فلو کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں رواں سال کے آغاز سے لے کر اب تک ہلاکتوں کی تعداد 105 تک جا پہنچی ہے۔
صوبے میں متعدی بیماری کا سب سے زیادہ زور جے پور، گنگا نگر اور سیکار میں دیکھنے میں آیا ہے۔
بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیگر صوبوں میں دہلی، گجرات اور ہریانہ شامل ہیں۔