لاہور (جیوڈیسک) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بھارت میں سوائن فلو کے کیسز بڑی تعداد میں رپورٹ ہونے اور اس وائرس سے مبینہ طور پر ہونے والی اموات کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں قبل از وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر احمد عفیفی نے بتایا کہ پنجاب میں عالمی ادارہ صحت اور سی ڈی سی اٹلانٹا کی گائیڈ لائنز کے مطابق اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ بھارت سے آنے والے مسافروں کی سوائن فلو اور H1 N1 کے حوالے سے سرویلنس کی جائے جس کے لئے واہگہ بارڈر، گورودواروں، لاہور ریلوے سٹیشن اور ایئر پورٹ پر سرویلنس کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ اجلاس میں اس مقصد کے لئے محکمہ صحت، لائیو سٹاک ،یونیورسٹی آف اینمل سائنسز، عالمی ادارہ صحت، ایف آئی اے، رینجرز ، پاکستان ریلوے اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین او ر افسروں پر مشتمل ورکنگ گروپ فوری طو رپر تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔