بھارت کا ایسا مندر جہاں روزانہ 20 ہزار افراد بال منڈھواتے ہیں

Women Hair Cutting

Women Hair Cutting

ممبئی (جیوڈیسک) بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کا ایک مندر ایسا بھی ہے جہاں لوگ مذہبی رسم کے طور پر اپنے بال رضاکارانہ طور پر منڈھواتے ہیں جب کہ حیران کن بات یہ ہے کہ خواتین بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں۔

بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے پہاڑی علاقے شیشا چالام کے گاؤں ترو مالا میں واقع تاریخی مندر کے سادھو سری وینکاٹیسورا کی یاد میں ہر روز تقریبا 20 ہزارخواتین اور مرد رضاکارانہ طورپر اپنے بال منڈھواتے ہیں جس کے لئے مندر کی انتطامیہ نے 600 حجام رکھے ہوئے ہیں۔

ہندوؤں کی قدیم روایات کے مطابق سری وینکاٹیسورا نے اپنی شادی دھوم دھام سے کرنے کے لئے بہت بڑی رقم ادھار لی لیکن وہ ادھار واپس نہ کر سکا اور اسے بالآخر اس کام کے لئے دوسروں کی مدد کی ضرورت پڑی اور پھر ان کے پیروکاروں نے اپنے سادھو کو رام کرنے کے لئے اپنے بالوں کا نذرانہ دینا شروع کر دیا جو آج بھی جاری ہے۔ بال منڈنے کے لئے مندر کے علاوہ گاؤں کے 16 دیگر مقامات بھی مختص کئے گئے ہیں جہاں رضاکارانہ طور پر بال منڈوائے جاتے ہیں۔

بھارتی خواتین اور مردوں کے بال اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ اہمیت کے حامل تصور کئے جاتے ہیں جب کہ ترومالا مندر میں ہر سال 500 ٹن تک بال جمع ہوتے ہیں جنھیں بین الاقوامی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت بھی کیا جاتا ہے جبکہ گزشتہ برس ترو مالا مندر نے صرف بالوں کو بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کر کے 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم حاصل کی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بال کاٹنے کے لئے ماہر حجاموں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں کیونکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں 31 انچ یا اس سے لمبے بالوں کی قیمت 300 سے 450 امریکی ڈالر فی کلو گرام مل جاتی ہے جب کہ 16 سے 20 انچ کے درمیان والے بالوں کی قیمت 300 امریکی ڈالر فی کلو گرام تک مل جاتی ہے۔ اس کے علاوہ 10 سے 15 انچ لمبے بالوں کی قیمت بھی 120 ڈالر فی کلو گرام حاصل ہوتی ہے۔