کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ‘ خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی‘ عمران چنگیزی و دیگر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ایسی کشیدگی کی بنیادی وجہ بنا ہوا ہے جس کے حل سے پورے جنوبی ایشیاءکا امن وابستہ ہے جبکہ کشمیر میں موجود بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم اور بھارتی افواج کیخلاف کشمیریوں کی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے اس دوطرفہ نفرت کا اظہار ہیں جو ثابت کررہی ہے کہ کشمیر نہ تو کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے ‘ نہ ہے اور نہ ہی کبھی بن سکے گا جبکہ کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی کا الزام پاکستان پر لگاکر پاکستان کیخلاف بھارت کی جنگی تیاریاں دنیا کے مستقبل کیلئے خطرات پیدا کر رہی ہیں۔
اسلئے اقوام متحدہ سمیت تمام امن پسند اور طاقتور ممالک پر لازم ہے کہ وہ دنیا کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے موثرومثبت کردار ادا کرتے ہوئے بھارت کو اقوام متحدہ کی قرارداووں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے کیلئے دبا ¶ ڈال کر راضی کریں کیونکہ کشمیر کا مسئلہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ ہے اور پاک بھارت کشیدگی اگر جنگ میں تبدیل ہوئی تو اس کادائرہ یہیں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ یہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیکر تیسری جنگ عظیم کی صورت اختیار کرجائے گی اور دنیا یہ یادرکھے کہ تیسری جنگ عظیم روایتی نہیں بلکہ ایٹمی ہوگی جس کے مضمرات سے دنیا ہزارہا سال تک باہر نہیں نکل پائے گی۔