کراچی (جیوڈیسک) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوئی تو ہو سکتا ہے کہ وہ ان کی آخری سیریز ہو۔
مصباح الحق کاکہنا تھا کہ اندازہ ہے کہ مجھ میں اب کم کرکٹ باقی ہے اس لئے ریٹائرمنٹ سے پہلے بس کچھ میچز اور کھیلنا چاہتا ہوں اور شاید بھارت کے خلاف آخری سیریز ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنا چاہتا ہوں اوراگر پاک بھارت ٹیسٹ سیریز ہوئی تو ممکن ہے کہ وہ ان کے کیرئیر کی آخری سیریز ہی ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ مصباح الحق قومی ٹیم کی جانب سے 58 ٹیسٹ میچز میں 8 سنچریوں اور 29 نصف سنچریوں کی بدولت 4 ہزار جب کہ 162 ایک روزہ میچز میں 42 نصف سنچریوں کی بدولت 5 ہزار 122 اور محدود اوورز کے 39 میچز میں 3 نصف سنچریوں کی بدولت 788 رنز بنا چکے ہیں۔