بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے پرزے اڑا دئیے

Indus Basin Treaty, India

Indus Basin Treaty, India

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت نے دریائے چناب پر بمپر ٹو بمپر ڈیموں کی قطار لگا دی جس نے اب ہماچل پردیش میں دریائے چناب کے پانی پر ڈاکا ڈالنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بگلیہار ڈیم سے تین گنا بڑے سیلی ڈیم کا ٹھیکہ بھی دے دیا۔ پاکستانی سرکار کی چپ کو دیکھتے ہوئے بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے پرزے اڑا دئیے ہیں۔ بڑھتی ہوئی بھارتی آبی جارحیت اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے جس نے صرف ہماچل پردیش میں دریائے چناب پر درجنوں ڈیم بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

بگھلیہار ڈیم سے تین گنا بڑے سیلی ڈیم کا تو ٹھیکہ بھی دے دیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی زخیرہ ہو گا جس کیلئے دریائے چناب سے دو ٹنلز کے ذریعے پانی لایا جائے گا۔ بات یہیں تک نہیں ہماچل پردیش میں بھارتی ڈیموں کی قطار میں لگے ہوئے مزید کئی ڈیم گسپا، شترو، سنگلر اور عباسی وارن ڈیموں کی تعمیر بھی سیلی ڈیم کے ساتھ ساتھ شروع ہو جائے گی۔

بھارتی فشریز ڈیپارٹمنٹ بھی یہاں مائیکرو ڈیم بنائے گا جن میں بھی لاکھوں ایکڑ فٹ پانی جمع ہو گا۔ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر نے چپ کا روزہ نہیں توڑا روز بروز سنگین ہوتی ہوئی صورتحال پر ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے تمام ڈیموں کی تعمیر مکمل کر لی تو دریائے چناب بھی راوی کی طرح سیوریج نالہ بن کر رہ جائے گا۔