بھارت کے شمالی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چھ سو سے زائد ہوگئی۔ شدید بارشوں اور سیلابوں سے متاثر ہونے والی بھارت کی شمالی ریاستوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
بھارتی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اب تک پینتیس ہزار افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ ابھی مزید ساٹھ ہزار سے زائد افراد مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔
بھارتی فوج فضائیہ کی مدد حاصل سے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہے۔ امدادی کارکن ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پہلے بچوں اور خواتین کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اتر کھنڈ میں ہندو مذہب کے کئی اہم مقامات موجود ہیں اور بارشوں کے وقت ہزاروں زائرین ان مقامات پر موجود تھے۔
متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور غذائی اشیا کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔ مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین نے حکومت کی جانب سے ناکافی امداد پرغصے کا اظہار کیا۔ سیلابی پانی کا نکاس نہ ہونے کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔ جن علاقوں میں پانی اترنا شروع ہوا ہے وہاں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔