ممبئی (جیوڈیسک) بھارت میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں کم از کم 29 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ دہلی سے آگرہ جانے والے یمنا ہائی وے پر ہوا۔
نیوز ایجنسی ایسو سی ایٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ‘ڈبل ڈیکر مسافر بس کا ڈرائیور کچھ لمحات کے لیے سو گیا تھا، جس دوران یہ بس 40 فٹ نیچے ایک دریا میں گر گئی۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قریب پیش آیا۔ بس پر مجموعی طور پر پچاس افراد سوار تھے اور اس وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔
29 ہلاکتوں کے علاوہ 18 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ان میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ این جی روی کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا، بس بہت تیز رفتار تھی اور عین ممکن ہے کہ ڈرائیور سو گیا ہو۔
بھارت میں ٹریفک حادثات میں سالانہ بنیادوں پر ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد ہلاک ہو جاتے ہیں اور قریب پونے پانچ لاکھ افراد ایسے حادثات میں زخمی ہوتے ہیں۔