نئی دہلی (جیوڈیسک) دولت اگرچہ درختوں پر نہیں اگتی مگر ہندوستانی حکومت کو توقع ہے کہ کم از کم ملازمتیں تو اس طریقے سے بانٹی جاسکتی ہیں۔ مانے یا نہ مانے مگر ہندوستان میں بیروزگاری مٹاﺅ مہم کیلئے ایسا ہی منفرد طریقہ کار اپنایا جانے والا ہے جس سے لاکھوں نوجوان بیروزگاری سے نجات پانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔
ہندوستانی وزارت دیہی ترقی نے دو ارب درختوں کی شجرکاری کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو بیروزگاری سے نجات دلائی جاسکے۔ اس سلسلے میں ہندوستان بھر کی شاہراﺅں پر ایک لاکھ کلومیٹر کے رقبے پر دو ارب درخت لگائے جائیں گے جس کیلئے تین لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتوں پر رکھا جائے گا۔
ہندوستان کے دیہی ترقی، ہائی ویز، شپنگ اور روڈ ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن جے رام کا کہنا ہے کہ اس نئے اقدام کا مقصد نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانا بھی ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان میں حالیہ برسوں کے دوران ملکی ترقی کیلئے نوجوانوں کی بیروزگاری کے خاتمے پر کافی توجہ دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق 2010ءمیں 15 سے 24 سال کے عمر کے بیروزگار ہندوستانیوں کی شرح 10.2 فیصد تھی۔