لندن (جیوڈیسک) برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی اسلحے کاسب سے بڑا خریدار بھارت ہے، بھارت نے گزشتہ سالامریکا سے 1.9 ارب ڈالر کا فوجی سازوسامان خرید کر امریکی ہتھیاروں کا سب سے بڑا غیر ملکی خریدار بن گیا ہے۔
برطانوی اخبار”فنانشل ٹائمز“ کے مطابق امریکی اسلحے کاسب سے بڑا خریدار بھارت ہے۔ اخبار نے برطانوی دفاعی میگزین IHS Jane’s کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ سال بھارت امریکا سے 1.9 ارب ڈالر کو فوجی سازوسامان خرید کر امریکی ہتھیاروں کا سب سے بڑا غیر ملکی خریدار بن گیا۔
امریکافوجی سازو سامان کا سب سے بڑا برآمد کنندہ رہا، تاہم امریکا نے بھارت کو سب سے بڑا اسلحہ سپلائر بن کر روس کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 2013ء میں امریکا نے مجموعی طور پر 24.9 ارب ڈالر کا فوجی سازوسامان فروخت کیا جب کہ 2012ء میں امریکی دفاعی سازوسامان کی فروخت 24.9 ارب ڈالر رہی۔
بھارت کی مجموعی دفاعی درآمدات 5.9 ارب ڈالر رہی جب کہ بھارت نے بوئنگ C-17A اسٹریٹجک ٹرانسپورٹ اور P-8I میری ٹائم پورٹل ایئر کرافٹ کی خریداری کے ساتھ امریکا سے فوجی سازوسامان کاسب سے بڑا خریدار بن کر سعودی عرب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو امریکی ہتھیاروں کی خریداری میں سرفہرست تھا۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 2010ء میں بھارت نے ہتھیار درآمد کرنے میں چین سے سبقت لے لی تھی۔ اب تک بھارت سب سے زیادہ اسلحہ روس سے ہی خریدتا آرہا تھا۔ 2009ء میں بھارت نے امریکا سے 237 ملین ڈالرکا اسلحہ خریدا تھا جب کہ 2013 میں 1.9ارب ڈالر تک جا پہنچا۔