اترپردیش (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع ناؤ میں پولیس لائن کے ایک پرانے کمرے سے بوریوں میں بند انسانی ڈھانچے برآمد ہوئے ہیں۔ اعلیٰ حکام کے مطابق تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ یہ انسانی ڈھانچے کہاں سے آئے۔
برآمد ہونے والے انسانی ڈھانچوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ یہ ڈھانچے 25 کے قریب بوریوں میں رکھے ہوئے ملے ہیں۔ اناؤ کے ضلعی افسر کے مطابق جس جگہ پولیس لائن ہے وہاں سال 2008 میں ایک سرکاری ہسپتال ہوا کرتا تھا۔
اناؤ کے پولیس چیف مہندرا پال سنگھ نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ کم سے کم 100 لاشیں تحقیقات کے لیے پولیس سٹیشن میں رکھی گئی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’حقائق جاننے کے لیے باقاعدہ ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔‘