نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک مسافر ٹرین کے پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے ہیں۔
حادثہ دارالحکومت نئی دہلی سے تقریباً 100 کلومیٹر دور مظفر نگر کے قریب کھتولی کے مقام پر ہفتے کی شام پیش آیا۔
حادثے کی شکار ہونے والی ٹرین ‘اتکل ایکسپریس’ ریاست اڑیسہ کے علاقے پُری سے اتراکھنڈ کے شہر ہری دوار جا رہی تھی۔
حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ ایک ایک بوگی نزدیک واقع ایک مکان میں گھس گئی۔
اطلاعات کے مطابق پٹری پر مرمت کا کام چل رہا تھا۔ اتر پردیش کے پرنسپل سکریٹری کے مطابق جو لوگ وہاں مرمت کا کام کر رہے تھے انھوں نے وہاں اس کی نشاندہی کے لیے کوئی جھنڈا نہیں لگایا تھا جس کی وجہ سے ڈرائیور کو معلوم نہیں ہو سکا۔ اس نے جب دیکھا کہ پٹری ٹوٹی ہوئی ہے تو اس نے ایمرجنسی بریک لگائے جس کی وجہ سے حادثہ ہوا۔
کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ مرمت کی معلومات ریلوے کے ذمہ داروں کو تھی لیکن اس کی اطلاع ڈرائیور کو کیوں نہیں ہو سکی اس کا پتا جانچ سے چل سکے گا۔ ریلوے وزیر سریش پربھو نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
یو پی پولیس کا ایک انسداد دہشت گردی دستہ بھی جائے حادثہ پر روانہ ہو گیا ہے جو یہ جانچنے کی کوشش کرے گا کہ کہیں یہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ تو نہیں۔
این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر روانہ ہو چکی ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے متاثرین کی مدد کی۔ جو لوگ ڈبوں میں پھنسے ہوئے ہیں ان کو باہر نکالنے اور اسپتال پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق گیس کٹر سے ڈبوں کو کاٹ کر لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے لہٰذا اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔