کراچی : پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو ہم پاک فوج کے ساتھ مل کر دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
یہ بات سائبان سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے چیئر مین عالم علی اور یو سی4مجید کالونی کے چیئر مین فیروز خان نے بہاری ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد سے دوران گفتگو کہی۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے آبائو اجداد نے پہلے پاکستان بنانے اور پھر مشرقی پاکستان بچانے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ مل کرقربانیاں دی۔ اب بھارت نے پھر جنگ کرنے کی کوشش کی تو بہاری قوم کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے کٹ مرے گا۔
فیروز خان اور عالم علی نے کہا کہ برصغیر میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق فوری حل کیا جائے تاکہ امن قائم ہوسکے۔