کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر محمد سلیمان راجپوت ‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ جنرل سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ صدر یوتھ ونگ حاجی امیر علی خواجہ ‘ صدر کراچی ڈویژن اقبال چاند ‘ رہنما شعبہ خواتین میڈم انیتا ‘ تبسم ناز ‘ ذکیہ بیگم و دیگر نے بھارتی جارحانہ رویئے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آج تک وہ بھارت کی جارحانہ پالیسی اور اشتعال انگیزیوں کو کھلے دل سے برداشت کرتا رہا ہے لیکن اگر بھارت اسے پاکستان کی کمزوری سمجھنے لگا ہے تو یہ اسکی عقل کے ساتھ یادداشت کی خرابی کا بھی ثبوت ہے وہ شاید پاکستان پر بزدلانہ حملوں کی شکست اور ذلت و حزیمت بھول گیا ہے۔
اسلئے پاکستانی قوم اور افواج پاکستان بھارت کی گمشدہ یادداشت کی بحالی کیلئے مکمل تیار ہیں اورتحفظ وطن کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم و حوصلہ رکھتی ہیں۔
اسلئے اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو پاکستان کی فوج عوام کے اتحاد و اعتماد سے اسے ایسا منہ توڑ اور بھرپور جواب دیں جسے وہ مدتوں فراموش نہیں کر پائے گا اور صدیوں اپنے زخم چاٹتا رہے گا۔