لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی دریاوں پر ڈیم پر ڈیم بنا رہا ہے لیکن پاکستانی حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور بھارت کی آبی جارحیت کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کو تیار نہیں۔ منصورہ میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ بھارت دریائے چناب اور جہلم پر درجنوں ڈیموں کے بعد مزید پانچ ڈیم بنانے کا اعلان کر کے سندھ طاس معاہدے کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔
پاکستانی عوام جن حکمرانوں سے پاکستان کا مقدمہ لڑنے کی امید لگائے بیٹھے تھے وہ بھارتی مفادات کی تکمیل کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، سید منورحسن نے شمالی وزیر ستان میں امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے صدارتی ووٹ کیلئے وزیراعظم نے قومی سلامتی کیلئے بلائی جانے والی آل پارٹیز کو متنازع بنا دیا۔