ایڈیلیڈ… ورلڈکپ کرکٹ میں بھارت نے پاکستان کوشکست دینے کی روایت کو برقرار رکھتے ہو ئے76رنزسے ہرادیا۔ورلڈ کپ کرکٹ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی یہ مجموعی طور پرچھٹی شکست ہے۔بھارت کیخلاف میچ میں پاکستانی بیٹنگ 301رنز کے تعاقب میں ایک مرتبہ پھر دھوکہ دے گئی اوریونس خان6،وہاب ریاض4،عمر اکمل اور صہیب مقصود کوئی رنز بنائے بغیر آئوٹ ہو گئے ۔
پاکستانی اننگ کی ابتداء میںحارث سہیل36 اوراحمد شہزاد47رنز جبکہ بعد میں مصباح الحق76 نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت کے خلاف فتح کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہ کر سکے۔بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 4، اومیش یادیو اور مہیت شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل دھونی نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کو ترجیح دی،روہت شرما اور شیکھر دھون نے محتاط انداز میںبھارتی اننگ کی شروعات کی۔
آٹھویں اوور میں سہیل خان نے روہت شرما کو15رنز پرچلتا کیا،مصباح الحق نے ان کا کیچ پکڑا۔پھر ویرات کوہلی آئے،دھون اور کوہلی نے جم کر بیٹنگ کی اور خوب چوکےاورچھکےلگائےاور بھارتی اسکور بڑھاتے رہےلیکن جب بھارت کا اسکور 163 ہوا تو مصباح الحق کی عمدہ تھرو نے شیکھر دھون کی اننگز تمام کر دی ،دھون 76گیندوں پر 73رنز بنائے،دھون کے بعد سریش رائناآئے بیٹنگ کےلئے آئے اور انہوں نے ویرات کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا،کوہلی کو اننگز میں ایک آسان چانس بھی ملا۔
انہوں نے 119 گیندوں پر سنچری مکمل کی،سریش رائنا نے بھی ففٹی بنائی۔جب بھارت کا اسکور 273ہوا تو ویرات کوہلی 107رنز بنا کر سہیل خان کاشکار بن گئے،سریش رائنا بھی 56 گیندوں پر 74رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ تھما گئےاس کے بعد وہاب ریاض نے جڈیجا کوبولڈ کردیا۔آخری اوور میں سہیل خان نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا،انہوں نے پہلے دھونی کو آئوٹ کیا پھر رہانے کو چلتا کیا،سہیل خان نے 55رنز دیکر پانچ وکٹ حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی کو وہاب ریاض نے آئوٹ کیا۔