اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے مشیربرائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیرارون جیٹلی کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرائط کی بنیاد پر بھارت کسیاتھ بات چیت شروع نہیں کی جاسکتی۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ خطے میں امن وامان کی بحالی کیلیے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات لازم و ملزوم ہیں تاہم اس کایہ ہرگز مطلب نہیں کہ پاکستان ہتھیار ڈال کر سمجھوتہ کریگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مذاکرات کو منسوخ کرنے کیلئے راہ ہموار کی ہے۔
اور اب بھارت کوہی مذاکرات شروع کرنے میں پہل کرنا ہوگی۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسایہ ملکوں کیساتھ بات چیت کیلیے سنجیدہ ہے تاہم پاکستان کی مثبت کوششوں کو کمزوری سے تعبیر نہیں کرنا چاہیے۔
انھوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت نے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ جان بوجھ کر سرحدوں پر گولہ باری کی جارہی ہے، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہے۔