بھارت نے 7 ہفتوں کے دوران 35 بار ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی، ترجمان پاک فوج

Asim Bajwa

Asim Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) ترجمان پاک فوج نے بھمبر میں گرائے جانے والے بھارتی ڈرون سے حاصل شدہ تصاویر اور وڈیو جاری کردیں جب کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے 9 جون سے اب تک 35 مرتبہ ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جولائی کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے جوڑیاں سیکٹر سے ڈرون اڑایا جو پاکستانی علاقے میں داخل ہوا جسے پاک فوج نے بھمبر کے قریب مار گرایا جب کہ ڈرون سے حاصل شدہ تصاویراور ویڈیو میں واضح طور پر بھارتی فوج کا کمپنی ہیڈکوارٹرز اور بھارتی چیک پوسٹ پر لگا ہوا جھنڈا اور بھارتی فوج کی موجودگی نظر آرہی ہے اس کے علاوہ تجزیئے سے بھی ثابت ہوا کہ بھارتی ڈرون جاسوسی کے لیے اڑایا گیا تھا اور ڈرون سے ملنے والے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ یہ خرید کر بھارتی مواصلاتی کمپنی میں لے جایا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فارنزک شواہد کے مطابق ڈرون نے 8 سے 15 جولائی 2015 کے دوران مختلف علاقوں کی جاسوسی کی اور چوکی کی تصویر بھی کھینچی جب کہ ان ناقابل تردید فارنزک شواہد کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی کی جاسکتی ہے تاہم ڈرون سے ملنے والے ثبوت فراہم کرنے کے باوجود بھارت نے جاسوس طیارے کی ملکیت سے انکار کیا۔

ترجمان کے مطابق بھارت نے 9 جون سے اب تک 35 مرتبہ ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی اس دوران ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جارحیت میں بھی اضافہ ہوا جس میں متعدد بار معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور بھارتی افواج کی نقل و حرکت اس کے جارح عزائم کی نشاندہی کرتی ہے۔