بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی

Boundry

Boundry

سیالکوٹ (جیوڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا 9 سالہ بچہ بھی دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئ ہے جب کہ فائرنگ سے 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بجوات، چپراڑ اور سکھیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی علاقے متاثر ہوئے جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر 2 نوجوان جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے، بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ سے متاثرہ علاقوں میں کچھی مانگ، لونی، کھیری، ڈیورا کالیاں، سکھیاں اور دیگرشامل ہیں۔ دفتر خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارت سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزی بند کرے تاہم بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پنجاب رینجرز نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی جب کہ رینجرز نے متاثرہ علاقوں کو بھی گھیرے میں لے لیا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ اطلاعات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سےسیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پرسخیال گاؤں میں آج صبح بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 14 سال کا عاطف اور 22 سال کا محمد عرفان شامل ہے جب کہ فائرنگ سے 14 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 9 سالہ فیصل دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی، زخمیوں میں 3 خواتین اور2 بچے بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے متاثر ہونے والے گھروں کی تصاویر جاری کردی ہیں جب کہ ڈی جی آئی ایس پر آر نے کہا کہ تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح بھارتی فوج معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔