نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت عالمی طور پر دنیا کے 10 امیرترین ممالک میں شامل ہے لیکن اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے جہاں عوام کی اکثریت غربت کی شکار ہے۔
نیو ورلڈ ویلتھ نامی رپورٹ کے مطابق بھارتی معیشت و دولت کا حجم 5200 ارب ڈالر ہے لیکن اگر فی کس آمدنی کے لحاظ سے دیکھا جائے تو آبادی کا بہت بڑا حصہ اب بھی غربت کا شکار ہے اور فی کس آمدنی ( پر کیپیٹا) کی بنیاد پر یہ ملک غربت کا شکار ہے اور ملک کی ترقی کے باوجود بہت بڑی آبادی اس کے اثرات کو زائل کررہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے گزشتہ 15 برس میں قابلِ قدر ترقی کی ہے لیکن اب بھی یہ غربت کا شکار ہے۔ اس نئی فہرست کے مطابق ڈبلیو ٹین ( امیر ٹین) ممالک میں سب سے تیزی سے ترقی چین کررہا ہے جب کہ اس فہرست میں بھارت کا ساتواں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں امریکا پہلے نمبر پر ہے جس کی دولت کا اندازہ 48 ہزار 700 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دولت مند ممالک کے طور پر چین دوسرے نمبر پر ہے جس کی دولت کا تخمینہ 17 ہزار 300 ارب ڈالر ہے۔ جاپان کا تیسرا نمبر ہے جو 15 ہزار 200 ارب ڈالر کا مالک ہے۔ اس کے بعد جرمنی 9 ہزار 400 ارب ڈالر جب کہ برطانیہ کا 9 ہزار 200 ارب ڈالر کے ساتھ پانچواں نمبر ہے۔