اسلام آباد (جیوڈیسک) مشال ملک نے مودی سرکار کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دہشتگرد کلبھوشن کو اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی اجازت دی جبکہ انہیں ان کے شوہر اور کشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کے ساتھ 3 سال سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
مشال ملک کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو پچھلے 3 سال سے اپنی فیملی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، بھارت اپنے دہشتگرد کلبھوشن کو بچانے عالمی عدالت چلا جاتا ہے مگر یاسین ملک کو اپنی بیٹی اور بیوی سے نہیں ملنے دیتا، بھارت کشمیریوں کے ساتھ دہشتگرد سے بدتر سلوک کرتا ہے جبکہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی دہشتگرد کو اس کی فیملی سے ملوایا۔
مشال ملک نے مزید کہا کہ تہاڑ جیل سرینگر میں حریت رہنماء آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹر قاسم پچھلے 25 سال سے قید ہیں، آسیہ اندرابی کی شوہر سے ملاقات کروانے کی بجائے بھارت انہیں مختلف طریقے سے ہراساں کرتا ہے، ہندوستانی فورسز کی جانب سے 2،2 سال کے بچوں سے ان کی ممتا چھینی جا رہی ہے، ہندوستان مجھے یاسین ملک سے نہیں ملنے دیتا، بھارت نے میری بیٹی کو اپنے والد سے دور رکھا ہے، یاسین ملک سمیت حریت قائدین پر تشدد کیا جاتا ہے جبکہ کشمیریوں کا جرم صرف اتنا ہے کہ وہ آزادی کی بات کرتے ہیں جس کی سزا میں بھارتی فورسز کی جانب سے چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا جاتا ہے۔
حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کا ظلم و ستم دنیا کے سامنے ہے مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، پیلٹ گن کے ساتھ ساتھ کیمیکل والے ہتھیار بھی استعمال کئے جا رہے ہیں، بھارتی فورسز نے پچھلے 1 سال میں 14 خواتین کو شہید کیا ہے۔