ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی ماڈل اور اداکارہ عمائمہ ملک کہتی ہیں کہ وہ بھارتی اداکار عمران ہاشمی کی مداح ہیں اور ان کی ہر فلم بہت شوق سے دیکھتی ہیں۔
ممبئی میں اپنی پہلی بالی ووڈ فلم ’’راجا نٹورلال ‘‘ کی تشہیر کے لئے منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ اس فلم میں کام کرنے پر انہیں بہت خوشی ہے۔ اس فلم میں انہوں نے عمران ہاشمی کے مد مقابل کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران ہاشمی کی بہت بڑی مداح ہیں اور ان کی ہر فلم دوستوں کے ہمراہ بہت شوق سے دیکھتی ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا کیونکہ وہ بہت خوش مزاج انسان ہیں اور انہوں نے فلم کی عکسبندی کے دوران انہیں بہت پرسکون رکھا۔
عمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ ابتدا میں وہ سمجھتی تھیں کہ عمران ہاشمی جس طرح فلموں میں بےباک دکھائی دیتے ہیں، اپنی اصلی زندگی میں بھی ایسے ہی ہوں گے لیکن وہ عام زندگی میں بالکل برعکس ہیں۔
جب وہ پہلی مرتبہ عمران ہاشمی سے ملیں تو انہوں نے انہیں مکمل طور پر نظر انداز کر دیا اور اپنے کام مگن رہے۔ پہلی ملاقات کے بعد ہی ان کی رائے بدل گئی اور انہوں نے اپنے گھر والوں کو بتایا کہ عمران ہاشمی جتنے اچھے اداکار ہیں اصلی زندگی میں نہایت ہی اچھے انسان ہیں۔