ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اوم پوری حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 66سال تھی۔ انہیں جمعرات کو رات گئے ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ جمعہ کو الصبح انتقال کر گئے۔
انہوں نے پاکستان فلم ’’ایکٹر ان لا‘‘ میں بھی کام کیا تھا اور اسی سبب وہ گزشتہ سالوں کے دوران کئی مرتبہ پاکستان کے دوررے پر آئے۔ ’ایکٹر ان لا‘ ہی ان کی آخری فلم ثابت ہوئی۔
اوم پوری 18 اکتوبر 1950 کو انبالہ میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق ریاست ہریانہ سے تھا۔
’ایکٹر ان لا‘ 2016 کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پاکستانی فلم قرار دی گئی جبکہ ’اردھ ستیہ‘ ، ہیرا پھیری، او مائی گاڈ، ڈان، دبنگ، مرچ مصالحہ اوربلو باربران کی کامیاب بھارتی فلمیں ہیں۔
پچھلے دنوں جب بھارتی فلموں میں پاکستانی ایکٹرز کے کام کرنے کے حوالے سے تنازعات پیدا ہوئے تو اوم پوری نے کھل کر پاکستانی فنکاروں کے حق میں آواز بلند کی۔ اس کی پاداشت میں انہیں سخت تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تاہم وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔
انہیں فلموں میں بہترین اداکاری پر پدماشری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور نیشنل اسکول آف ڈرامہ جیسے بڑے اور نامور اداروں سےتربیت حاصل کی۔
انہوں نے 1976سے فنی زندگی کا آغاز کیا۔ ان کی پہلی فلم مراٹھی زبان میں بنی تھی۔ وہ خود مراٹھی تھے۔