ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ان کا پورا گھرانہ کورونا وائرس میں مبتلا ہو گیا ہے۔
بھارت میں اس وقت کورونا وائرس کی تیسری لہر نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اس کے علاوہ ہلاکتوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے جب کہ آج ہی انڈین پریمیئر لیگ کو بھی کورونا کیسز کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔
بھارت میں متعدد بالی ووڈ شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں لیکن ایسا دوسری بار ہورہا ہے کہ کسی بھی اسٹار شخصیت کا پورا گھرانہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہو۔ اس سے قبل لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن، ان کے صاحبزادے ابھیشک بچن، بہو ایشوریا رائے اور پوتی ارادھیا بچن بھی کورونا میں مبتلا ہوئی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز نامور اداکارہ دپیکا پڈوکون کے والد پرکاش پڈوکون، ماں اجالا اور بہن انیشا پڈوکون کورونا میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اداکارہ نے اپنا بھی ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا ہے۔ اداکارہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ ہی بینگالورو میں موجود ہیں جہاں انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
خیال رہے اداکارہ دپیکا پڈوکون کو اپنے شوہر اداکار رنبیر کپور کے ساتھ چند روز قبل ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا تھا جہاں وہ دپیکا کی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے بینگالورو جارہے تھے تاہم رنبیر کپور کے کورونا میں مبتلا ہونے کے حوالے سے اب تک کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔