لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ اسپیکر رانا محمد اقبال کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش کی گئی مشترکہ قرار داد میں کہا گیا ہے۔
کہ بھارت کشمیر میں 5 لاکھ سے زائد افراد کو شہید کرچکا ہے، بھارت اب بھی بلااشتعال فائرنگ کر کے جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے جبکہ پاک فوج اس جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہے، قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارتی جارحیت روکنے کے لئے کردارادا کرے۔
پنجاب اسمبلی نے امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی کو مبارک باد پر مبنی قرارداد بھی منظور کرلی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملالہ یوسف زئی نے بچیوں کی تعلیم کے لئے آواز اٹھائی اور قوم کی بیٹی کی حیثیت سے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔ ایوان نوبل انعام ملنے پر ملالہ یوسف زئی کو سلام پیش کرتا ہے۔