بھارتی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

Indian Aggression

Indian Aggression

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد قومی اسمبلی میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خلاف رواں سیشن میں دوسری مرتبہ متفقہ قرارداد مذمت منظور، شہید کیپٹن سرفراز سمیت شہدا کے لیے قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا۔ سپیکر نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت سے کیپٹن شہید جبکہ ایک فوجی زخمی ہوا ہے۔ یہ انتہائی سنگین واقعہ ہے۔

ایوان کی جانب سے متفقہ قرارداد آنی چاہیے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے سپیکر کی ہدایت کے مطابق پارلیمانی قائدین کی مشاورت سے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی باعث تشویش ہے۔ ایوان بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے کیپٹن سرفراز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عوام مادر وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

قرارداد میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نتیجہ خیز ، پائیدار اور بامعنی مذاکرات کی طرف آئے۔ میجر (ر) طاہر اقبال، ساجد احمد اور صاحبزادہ طارق اللہ سمیت دیگر ارکان نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے شہید کیپٹن سرفراز کو مادر وطن کے لیے جان نثار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع اور اسے منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ قومی اسمبلی میں شہید کیپٹن سرفراز سمیت شہدا کے لیے قومی اسمبلی میں دعائے مغفرت کی گئی۔ مولانا امیر زمان نے دعا کرائی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے پھر ہو گا۔