اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر دفاع میں مصروف طاقت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا جس کی وجہ سے حکومت نے نہیں پنڈی والوں نے اجلاس طلب کیا ہے۔
ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نسیم چوہدری کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ سیکٹر پر بھارتی جارحیت کے باوجود حکومت اور دفتر خارجہ خاموش ہے اور وزیر اعظم کو تاحال کوئی بیان دینے کی جرات نہیں ہوئی ہے جس سے قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گونواز گو کا ترانہ سوچ اور نظام کو تبدیل کرنے کا جذبہ ہے کیونکہ پیپلز پارٹی زرداری ازم اور ن لیگ مصلحت کا شکار ہے جس سے عوام کے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان 10 اکتوبر کے جلسہ میں اہم اعلان کریں گے جس کے بعد سونامی سرگودھا اور فیصل آباد کا رخ کرے گا۔