بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں ملک بھر میں ریلیاں

Rally

Rally

اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ملک بھر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلیاں نکالیں اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بھارتی جارحیت کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔

کراچی میں وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے ‘پاکستان زندہ باد’ ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کے علاوہ اساتذہ نے بھی شرکت کی، شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

کوئٹہ میں بھارتی جارحیت اور دراندازی کے خلاف لیاقت بازار سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں مقامی تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نواب شاہ میں سول سوسائٹی اور اسکولوں کے طلبا نے ریلیاں نکالیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں مارچ کرتی رہیں، شرکاء نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

سوات کے علاقے کانجو میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی، شبقدر میں سول سوسائٹی، سماجی اور تاجر تنظیموں نے پاک فوج سے یکجہتی کے لئے ریلی نکالی جب کہ مہمند میں سول سوسائٹی اور عمائدین نے پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالیں۔

اسی طرح مینگورہ میں گجر یوتھ فورم نے بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

رحیم یارخان میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جب کہ مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام پریس کلب خان پور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

سکھر میں شہریوں، طلباء اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں جو پریس کلب پر آکر اختتام پذیر ہوئیں، ریلی کے شرکاء نے مسلح افواج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

میرپور آزاد کشمیر میں سماہنی کے علاقے ہوڑاں میں شہریوں کی بڑی تعداد پاک فوج کے حق میں سڑکوں پر نکل آئی، ریلی میں بڑی تعداد میں مقامی نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔

بلوچستان کے ضلع چاغی میں بھارتی جارحیت کے خلاف داود چوک سے مرکزی چوک تک ریلی نکالی گئی، نوکنڈی میں پاک فوج کے حق میں سول سوسائٹی نے ریلی نکالی۔

گھوٹکی میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی حمایت میں اسکولوں کے طلباء اور سول سوسائٹی نے ریلی نکالی۔

جہلم ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی، میاں چنوں میں پاکستان کسان اتحاد کے زیر اہتمام دفاع پاکستان ریلی نکالی گئی۔

کراچی سٹی کورٹ میں بھارتی جارحیت کے خلاف کراچی بار کا ہنگامی جنرل باڈی اجلاس ہوا، اس موقع پر وکلاء رہنماؤں کی جانب سے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔