بھارتی جارحیت پر پاکستانی موقف کمزور اور مایوس کن ہے : لارڈ نذیر

Lord Nazir

Lord Nazir

لندن (جیوڈیسک) برطانوی ممبر پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ ملالہ کو دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ نوبل پرائز ملنا پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے فخر کی بات ہے، ملالہ کو چاہیے کہ جس طرح انہوں نے افریقی ملکوں میں جا کر تعلیم کے لئے کام کیا اسی طرح وہ فلسطین کا بھی دورہ کریں۔

اور غزہ کے بچوں کی تعلیم اور حقوق کی آواز اعلیٰ ایوانوں میں اٹھائیں، بھارتی جارحیت پر پاکستانی حکومت کا موقف انتہائی کمزور اور مایوس کن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسٹ لندن الفرڈ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت میں بی جے پی کی حکومت آئی اور بالخصوص الیکشن کے موقع پر بھارت نے پاکستانی بارڈر پر بے گناہ پاکستانیوں کی نعشیں گرائیں تاکہ وہ اپنی عوام کو بتا سکیں کہ ہماری پالیسیاں کانگریس کے مقابلے میں پاکستان کے خلاف سخت ہیں۔

لارڈز نذیر احمد نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کرنے اور بے گناہ افراد کی شہادتوں پر پاکستانی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر خلاف وزریوں کے خلاف حکومت کا موقف انتہائی کمزور ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 وزارتیں پاس رکھنے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ نواز شریف کو چاہیے کہ دو بابوں سے جان چھڑا کر وزارت خارجہ کسی اہل بندے کے حوالے کریں جو انڈیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکے اور انڈیا کے الزامات کو عالمی سطح پر جھوٹا ثابت کر سکے۔