بھارتی فضائیہ کی حماقت، اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو پاکستانی طیارہ سمجھ کر مار گرایا، 6 بھارتی فوجی ہلاک

Indian Helicopter Crash

Indian Helicopter Crash

بڈ گام (جیوڈیسک) بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈ گام میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو پاکستانی طیارہ سمجھ کر مار گرایا۔ واقعہ میں 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ 27 فروری کو پیش آیا تھا۔

ایک اور بھارتی جھوٹ بے نقاب ہو گیا جس کا بھانڈا خود بھارتی میڈیا نے پھوڑ دیا، بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی سے نہیں بلکہ بھارتی فوج کے میزائل سے ہی تباہ ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا نے بھانڈا پھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج مرنے والوں کے لواحقین اور پورے بھارت سے جھوٹ بولتی رہی ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر متعدد میزائل داغے گئے۔ ہیلی کاپٹر کو اسرائیلی میزائلز سے تباہ کیا گیا۔ اسرائیلی ساختہ میزائل کو ایئر ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کے بعد فضا میں چھوڑا گیا، جو بھارتی میڈیا کے مطابق غلط وارننگ نکلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 فوجی، جب کہ ایک شہری ہلاک ہوئے۔ بھارتی فضائیہ نے اپنی حماقت چھپانے کے لیے پہلے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گرا۔ بھارتی حکام بھارتی فوجیوں کے اہل خانہ سے جھوٹ بولتے رہے، تاہم بھارتی میڈیا نے خود اپنی ہی فضائیہ کا پول کھول دیا۔

تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 وی 5 تھا، جیسے سرینگر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکام نے اس بات کا بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر کوئی اہل کار اس سنگین غلطی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ بھارتی اسکواڈرن میں شامل ایم آئی 17 وی 5 روسی ساختہ ہیلی کاپڑ ہیں۔ درمیانے سائز کے یہ ہیلی کاپٹر ایم آئی 8 کے طرز پر بنائے گئے ہیں، جو جنگلوں، سخت موسمی حالات اور پانی پر سفر کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس ہیلی کاپٹر میں 36 فوجیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جب کہ یہ کاپٹر 13000 کلو گرام تک کا وزن بھی اٹھا سکتا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سرچ لائٹ، ایف ایل آئی آر اور پیراشوٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔ ہیلی کاپٹر میں رات کے اندھیرے میں بھی دیکھنے کی صلاحیت ہے، جب کہ موسمی حالات کی جانچ کیلئے بھی الگ ریڈار اس میں نصب کیا گیا ہے۔