اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ پر حملے میں ملوث ملزمان پکڑلئے گئے جب کہ بھارت سے حملے کی مزید معلومات بھی مانگی گئی ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، مشیرخارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر ناصرجنجوعہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اہم ملکی امور، نیشنل ایکشن پلان، پٹھان کوٹ حملے اور سعودی عرب ایران کشیدگی کے علاوہ دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران شرکا نے بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات اورتفتیش میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اپیکس کمیٹی کے جاری اعلامیئے کے مطابق پٹھان کوٹ واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ابتدائی تفتیش اور معلومات کی روشنی میں حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن کا تعلق کالعدم جیش محمد سے ہے جب کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کالعدم جیش محمد کے متعدد ارکان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے دفاتر سیل کر دیئے۔
اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کے تحت بھارت سے رابطے میں ہیں اور پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم جائے وقوعہ بھیجی جائے گی جس کے حوالے سے بھارتی حکام سے مشاورت ہوگی جب کہ پاکستان نے بھارت سے مزید معلومات بھی مانگ لی ہیں۔