راجکوٹ (جیوڈیسک) انڈین نژاد انگلش کرکٹر حسیب حمید بدھ کے روز انڈیا کے خلاف راجکوٹ میں شروع ہونے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز کریں گے۔
انیس سالہ حسیب حمید لنکا شائر کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہیں اور وہ 1949 کے بعد صرف دوسرے کرکٹر ہیں جو بیس سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے انگلینڈ کی طرف سے ٹسیٹ میچ کھیل رہے ہیں۔
بین ڈکٹ جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف انگلینڈ کی اننگز کا آغاز کیا تھا وہ اس میچ میں گیری بیلینس کے جگہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
حسیب حمید کو جنہوں نے کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ون میں باون میچ کھیل کر 1129 رنز بنائے ہیں اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے بھی بلایا گیا تھا لیکن اس سریز میں انھیں کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔
آل راؤنڈر بین ہولیئوک نے 1997 میں انیس سال کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ پہلے ٹین ایجر تھے جنہوں نے 1949 کے بعد انگلینڈ کی طرف سے ٹیسٹ میچ میں حصہ لیا تھا جب 18 سالہ برائن کلوز نے اپنے پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
چھبیس سالہ گیری بییلنس کو بنگلہ دیش میں چار اننگز میں صرف 24 رنز بنانے کے بعد ٹیم کے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
یہ میچ انڈین کرکٹ بورڈ کے عدالتوں کے ساتھ ہونے والے مالی تنازعے کے باوجود کھیلا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے انڈین کرکٹ بورڈ نے دھمکی دی تھی کہ اگر عدالتوں نے بورڈ کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم واپس نہ لیا تو وہ میچ منسوخ کر سکتے ہیں۔
گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ بورڈ کو ٹیسٹ میچوں کی میزبان ایسوسی ایشنوں کو فنڈ جاری کرنے سے پہلے اس کی گورننس کی تحقیق کرنے والے خصوصی پینل سے اجازت لے۔
تاہم سپریم کورٹ نے اس میچ کا انعقاد کرنے والی ایسوسی ایشن کو 70 ہزار پاؤنڈ کی رقم جاری کر دی ہے تاکہ میچ منعقد ہو سکے۔