نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے حیران کن طورپرمقبوضہ کشمیر میں برفانی تودے گرنے سے فوجیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے باعث برفانی اور مٹی کے تودے گرنے کے خطرات پیدا ہوئے۔ عالمی حدت سے بھی گلیشئرز میں شگاف پڑ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودوں تلے دب کر بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں سے متعلق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل بپن راوت نے ایسے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا پاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے باعث ریاست میں برفانی اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا اس کے علاوہ عالمی حدت سے بھی گلیشئرز میں شگاف پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں شدید برفباری ہوئی جبکہ اگلے دو سے تین روز کے دوران مزید برفباری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا اس سال برفانی تودے گرنے کے واقعات رونما ہوئے اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا جن علاقوں میں تودے گرنے کا زیادہ خدشہ ہے وہاں سے فوجیوں کو واپس بلا یا جارہا ہے۔