اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت اور امن کی خواہش کے باوجود بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے پاکستان کو گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وہی کر رہا ہے جو کرتا آیا ہے، پاکستان کو درد محسوس کرانے کا وقت آ گیا۔
بھارتی جنرل راوت نے مزید اقدامات کرنے کی بڑھک بھی مار دی اور کہا کہ ہم اپنی اگلی کارروائی کی تفصیلات بتا نہیں سکتے، بھارتی فوج کی کارروائی میں ہمیشہ سرپرائز ہوتا ہے۔
ہم امن کی بات کرتے ہیں بھارتی آرمی چیف جنگ کی بات کر رہے ہیں، فواد چوہدری بھارتی آرمی چیف کے بیان پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم امن کی بات کرتےہیں، بھارتی آرمی چیف جنگ کی بات کررہے ہیں۔
فوادچوہدری نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن کی اور کون جنگ کی بات کررہا ہے، بھارتی آرمی چیف کو سمجھنا چاہیے کہ وہ بی جے پی کے سربراہ نہیں، بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی نا مناسب ہے، بھارتی آرمی چیف سیاسی جماعت کے آلہ کار نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کوسیاسی آلہ کار کے طور پربیان دینے سے گریز کرنا چاہیے، ہم اب بھی امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں جنگ نہیں ہوسکتی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی جنگ کی خواہش کو مسترد کرتے ہیں، بھارتی حکومت مودی کو رافیل طیارہ اسکینڈل سے بچانے کیلئے پاکستان مخالف جنگی جنون کو ہوا دےرہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی حکومت عوام کی توجہ میگاکرپشن اسکینڈل سے ہٹانے کیلئے پاکستان سے جنگی جنون کو ہوا دے رہی ہے۔