اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کر کے 11 سالہ بچی کو شہید اور 4 افراد کو زخمی کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے رکھ چکری سیکٹر میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے آٹومیٹک اور ہیوی مارٹر گولوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 11 سالہ بچی شہید جب کہ 75 سال کی خاتون اور 2 بچوں سمیت 4 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستانی فوج نے بھارتی پوسٹوں پر مؤثر جوابی حملہ کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فورسز نے ایل او سی کے بیدوری سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا تھا جب کہ اس سے قبل بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی سے پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا تھا۔