سری نگر (اصل میڈیا ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سرس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں مسلح قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے نام پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی۔
سرچ آپریشن کے دوران جارحیت پسند بھارتی فوج نے ایک مکان کو بارودی مواد سے تباہ کردیا جب کہ اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ جنگی جنون میں مبتلا قابض فوج نے لاشیں بھی لواحقین کے حوالے نہیں کیں۔
مودی سرکار کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم ہر بار کی طرح اس بار بھی بھارتی فوج کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا۔
غیور کشمیری عوام نے نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلع کی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا اور قابض بھارتی فوج کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کے حق میں بھی نعرے بلند کیے جس پر قابض فورس نے تلملاتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرکے درجنوں کو زخمی کردیا۔