سورت (جیوڈیسک) آج کے اس دورمیں جب ہر انسان اپنی دولت کو بڑھانا چاہتا ہے ایسے سخی دل لوگ بھی ہیں جو اپنی دولت لوگوں میں بانٹ رہے ہیں اور ایسا ہی دیکھنے میں آیا بھارت میں جہاں ہیروں کے تاجر نے اپنے ملازمین میں تحفے کے طور پر کاریں، ہیرےاور مکان کے شاندار تحفے دے کر کمال دریا دلی کا مظاہرہ کیا۔
ہیروں کی برآمد کے لیے مشہور بھارتی شہرسورت میں قائم کمپنی کے مالک ساؤجی دھولکیا نے ایک تقریب میں 491 کاریں، 525 ہیرے اور 200 گھروں کا تحفہ اپنے 1200 ملازمین کے نام کردیا۔
اور ان تحفوں کی کل مالیت 80 لاکھ امریکی ڈالر ہے جب کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ ساؤجی نے اپنے ملازمین میں اتنے قیمتی تحفے تقسیم کئے بلکہ وہ 2012 سے اسی طرح کی دریا دلی کا مظاہرہ کرچکے ہیں اوراس وقت انہوں نے 72 کاریں اپنے ملازمین کے نام کی تھیں۔
دھولکیا کا کہنا تھا کہ کمپنی نے جو ٹارگٹ رکھے تھے اسے حاصل کر لیا گیا اوریہ سب ملازمین کی محنت کی بدولت ہوا اس لیے وہ اس نفع میں شرکت کے بھی برابرکے حق دار ہیں اور اگر ملازمین خوش رہیں گے تو کمپنی مزید ترقی کرے گی جب کہ اس موقع پر ملازمین کی خوشی بھی دیدنی تھی۔