رانچی (جیوڈیسک) انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے کندھے میں چوٹ آ گئی ہے جس کی وجہ سے انھیں رانچی ٹیسٹ کا پہلا دن باہر بیٹھ کر گزارنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق رانچی ٹیسٹ کیلئے آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ لنچ کے بعد کیوی ٹیم کے کھلاڑی دوبارہ میدان میں اترے۔
میچ کے 40ویں اوور میں ایک گیند کو باؤنڈری لائن کے پار جانے سے روکنے کی کوشش میں ویرات کوہلی نے اپنی دائیں جانب چھلانگ لگائی لیکن ان کا کندھا زمین سے ٹکرانے کی وجہ سے وہ کراہ اٹھے۔ ان کے چہرے سے درد کا احساس دکھائی دے رہا تھا۔
اس کے بعد ٹیم فزیو پیٹرک فرهارٹ میدان پر بھاگ کر پہنچے اور کپتان کو میدان سے باہر لے گئے۔ ویرات کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی تاہم اس کے بعد وہ میدان میں نہیں اترے، ان کی جگہ نائب کپتان اجنکیا رہانے ان کی جگہ فیلڈنگ سنبھالتے رہے۔
بھارت کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویرات کوہلی کی صحت کے حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انھیں کوئی سیریس چوٹ نہیں آئی۔