بھارتی شہر بنارس میں اروند کیجریوال کا منہ سیاہی سے کالا کرکے انڈے بھی پھینکے گئے

 Arvind Kejriwal

Arvind Kejriwal

بنارس (جیوڈیسک) بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے دارالحکومت بنارس میں انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال پر انڈوں سے حملہ کیا گیا اور ان کے منہ پر سیاہی پھینک دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اروند کیجریوال بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر بنارس میں انتخابی مہم کے دوران کاشی وشواناتھ مندر پہنچے تو ان کی گاڑی پر انڈوں سے حملہ کر دیا گیا اور کچھ ہی دیر بعد جب عام آدمی پارٹی کے رہنما بی جے پی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف امیدوار کا اعلان کرنے کے لئے جلسہ گاہ پہنچے تو مجمعے میں سے ایک شخص نے ان کے منہ پر کالی سیاہی پھینک دی۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ مینک گاندھی کا واقعے کے بعد کہنا تھا کہ ہم پر چاہے پتھر برسائے جائیں، انڈوں کی بارش کی جائے یا پھر سیاہی پھینکی جائے ہم بھارت کو کرپشن سے پاک کرنے کے اپنے عزم پر قائم رہیں گے۔ دوسری جانب بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی کا کہنا تھا کہ اروند کیجریوال پر انڈوں اور سیاہی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم کسی بھی شخص پر اس قسم کے حملوں کی پرزوز مذمت کرتے ہیں۔