اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے بھارتی ہم منصب کو خط کا جواب دے دیا ہے۔
بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالہ نے دفتر خارجہ میں اعزاز احمد چودھری سے ملاقات کی۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے نام خط ان کے حوالے کیا۔
ترجمان کے مطابق خط میں بھارت سے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں بھارتی سیکرٹری خارجہ کو رواں ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ دورے کے دوران جموں و کشمیر کے منصفانہ حل پر مذاکرات کریں۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکلنا چاہئے، مقبوضہ کشمیر کے علاقوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو جانے کی اجازت دی جائے۔