ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے بگ تھری کے بانی سری نواسن کی بحالی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ، سابق صدر بی سی سی آئی کی عہدے سے معطل کئے جانے کیخلاف درخواست مسترد کر دی گئی۔
کرکٹ کو پیسے کا کھیل بنانے والے بی سی سی آئی کے سابق صدر سری نواسن کی اپنے عہدے کی بحالی کے حوالے سے امیدیں دم توڑ گئیں۔موجودہ سال آئی سی سی کی سربراہی کا خواب دیکھنے والے سری نواسن کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا گیا۔
کرکٹ بورڈ کے سابق صدر نے 15 اپریل کو اپنی معطلی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ، انہیں ان کے عہدے پر بحال کیا جائے لیکن بھارتی سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت کے مطابق سری نواسن کے خلاف اٹھائیس مارچ کا عبوری حکم برقرار رہے گا جس کے مطابق سنیل گواسکر بھارتی کرکٹ بورڈ کے دیگر امور سنبھالیں گے جبکہ سندر رامن آئی پی ایل کے بطور قائم مقام صدر کام جاری رکھیں گے۔آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ میں 12 کھلاڑیوں کے علاوہ سری نواسن اور انکے داماد گوروناتھ کا نام سامنے آیا تھا۔