لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کو تیار ہے، بھارتی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے، پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔
دو ہفتوں میں ٹیموں کےپاکستان آنے کا معاملہ واضح ہوجائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ غیر ملکی ٹیمیں جلدی جلدی نہیں آئیں گی، زمبابوے کے بعد دیگر ٹیموں کو بلانے کی کوششیں جاری ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈایم اویوپربرقرار ہےلیکن حکومت کی اجازت چاہتی ہے،بھارتی حکومت اجازت دے گی تو بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہانگ کانگ اورعمان کی ٹیمیں پاکستان میں آنے کو تیار ہیں، زیادہ تر غیر ملکی ٹیمیں لاہور میں کھیلنے کو ترجیح دیتی ہیں، ہانگ کانگ کی ٹیم کراچی میں کھیلنے کو تیار ہے، اگلے 2 ہفتوں میں ٹیموں کے آنے کا معاملہ واضح ہوجائے گا، پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، اگلے 6 ماہ میں حالات مزید اچھے ہوں گے۔ شہر یار خان نے کہا کہ فل ممبرز کو باربار پاکستان آنے کے لیے نہیں کہیں گے، اُنہیں خودفیصلہ کرنا ہوگا۔
آئی سی سی کی ٹاسک فورس پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے بنائی گئی تھی، یہ ٹاسک فورس 4سال سےقائم ہے مگر پیشرفت دکھائی نہیں دیتی،انٹرنیشنل الیون میں ریٹائرڈ پلیئرز نہیں ایکٹو پلیئرز کو دیکھنا چاہتے ہیں، اس سال پاکستان سپر لیگ کو لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا، جس میں غیر ملکی ٹاپ کھلاڑیوں کے شریک ہونے کا امکان نہیں، پاکستان سپر لیگ یو اے ای یا قطر میں ہوگی۔