اسلام آباد (جیوڈیسک) کشمیریوں کے ساتھ معاشرتی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے اظہار کے لیے آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کا موقف ہے کہ کشمیر پر ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جائیگا جس سے کشمیریوں کی دل آزاری ہو۔
دنیا بھر میں پاکستانی شہری آج کشمیریوں کیساتھ یک جہتی کادن اس عہد کی تجدید کیساتھ منارہے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کے ہر فیصلے کا احترام کرتا ہے اور انہیں آزادی کا حق ملنے تک ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھی جائیگی۔
وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر کا کہنا ہے کہہم پانچ فروری کو اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں اور پاکستان کبھی ایسا اقدام نہیں کرے گا۔ کشمیریوں کیساتھ یک جہتی کے اظہار کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
کشمیریوں کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری آنی چاہئے لیکن مسئلہ کشمیر کا ترجیحی بنیادوں پر حل ضروری ہے۔ رہنماء کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی کہتے ہیں کہ اظہار یک جہتی سے تو مسئلہ نہیں ہوتا، مگر اس سے کشمیر کو یہ پیغام ضرور دیا جاتا ہے کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔
پانچ فروری کو پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتیں بھی ایک ساتھ بھارت کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ وہ کشمیری عوام کیساتھ ہیں اور اس تنازعے کا جلد حل ضروری ہے۔