ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی الیکشن کمیشن نے اداکار سونو سود پر ریاست پنجاب کے شہر موگا کے پولنگ اسٹیشنز میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ ہریش نیر نے کہا کہ سونو سود مقامی پولنگ بوتھس کا دورہ کررہے تھے جہاں اُن کی بہن ملویکا سود بحیثیت کانگریسی امیدوار کے طور کھڑی تھی۔
اس اقدام پر مخالف جماعت اکل دل کے امیدوار برجیندر سنگھ نے سونو سود کے اس اقدام کیخلاف شکایت درج کرائی تھی۔
حکام نے سونو سود کی گاڑی کو بھی قانون کیخلاف ورزی کرنے پر قبضے میں لے لیا ہے جبکہ اُن کی رہائش گاہ کے باہر سرویلئنس ویڈیو سسٹم بھی نصب کردیا ہے۔
ہریش نیر نے موگا پولیس کے اعلیٰ افسر سے اس معاملے پر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ دوسری جانب سونو سود کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولنگ بوتھس کے دورے میں کسی سے بھی اپنی بہن کو ووٹ دینے کا نہیں کہا۔ وہ صرف اپنی کانگریس پارٹی کے بوتھس کے انتظامات دیکھنے گئے تھے۔
سونو سود کا یہ بھی کہنا تھا کہ موگا میں دیگر امیدوار تو ووٹ خرید رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ انہیں پکڑے۔