سر ی نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 30 اپریل بروز بدھ کومکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بدھ کو تینوں شہداء کے متعلقہ علاقوں میں جائیں اور تعزیتی اجلاسوں میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ی شہداء کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم 30اپریل اور 7 مئی کے بھارت کے نام نہاد انتخابی ڈھونگ کا مکمل بائیکاٹ کرکے بھارت اور اس کے حامی سیاست دانوں کو یہ پیغام دیں کہ کشمیری قوم بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور جب تک ایک بھی فوجی ہماری سرزمین پر موجود ہے، ہماری جدوجہد آزادی ہر قیمت پر جاری رہے گی۔
سید علی گیلانی نے کہا کہ پہلے 30 اپریل کو صرف وسطی کشمیر کے لیے ہڑتال کی کال دی گئی تھی، تاہم شوپیاں میں تین نوجوانوں کی شہادت کے بعد انہیں خراج عقیدت پیش کرنے اور الیکشن بائیکاٹ کی ضرورت کو اْجاگر کرنے کیلئے پورے مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتا ل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بدھ کو آزادی پسند قیادت اور نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔
بزرگ رہنماء نے بدھ اور 7 مئی کے انتخابی مرحلوں کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کا سلسلہ برابر جاری ہے، میں پوری قوم سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس عمل سے لاتعلق رہیں اور ووٹ ڈالنے سے احتراز کریں۔
بزرگ رہنما نے اس ویڈیوپر بھی افسوس ظاہر کیا جس میں بھارتی فوجی تینوں شہید نوجوانوں کی میتوں کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید نوجوانوں کی میتوں کی بے حرمتی ایک جنگی جرم اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔