نئی دہلی (جیوڈیسک) دنیا کی انتخابی تاریخ میں پہلی بار اس قدر طویل عرصے تک کئی مرحلوں میں جاری رہنے والے ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات میں آج آخری مرحلے میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ نویں اور آخری مرحلے میں تین ریاستوں کی اکتالیس نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔
اس مرحلے میں سب کی نگاہیں وارانسی (سابقہ نام بنارس) پر مرکوز ہیں، جہاں سے بی جے پی کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کردہ امیدوار نریندرا مودی کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال اور کانگریس کے اجے رائے سے ہورہا ہے۔
وارانسی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نویں مرحلے میں اُتر پردیش کی اٹھارہ، بہار کی چھ اور مغربی بنگال کی سترہ پارلیمانی سیٹوں پر لگ بھگ سات کروڑ ووٹرز کل چھ سو چھ اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ اب تک آٹھ مراحل میں کل پانچ سو تینتالیس سیٹوں میں سے پانچ سو دو پر پولنگ کا عمل اختتام پذیر ہو چکا ہے۔
بی جے پی اور کانگریس کے ساتھ ساتھ سماج وادی پارٹی، بی ایس پی، ترنمول کانگریس اور جے ڈی یو کے لیے بھی یہ مرحلے کافی حد تک فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینئر اروند کیجریوال اور کانگریس کے اجے رائے وارانسی میں ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل تو ہیں ہی، لیکن وہ اپنا حقیقی مدمقابل حریف نریندر مودی کو ہی قرار دیتے ہیں۔